شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک ہندوستان کے 22 ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی ذاتی طور پر کرنے کے بجائے آن لائن کرنے کے فیصلے سے ناراض تھے۔ اس فیصلے کو پاکستانی وزیر اعظم کو دہلی مدعو کرنے سے بچنے اور امریکہ کو پیغام پہنچانے کے لیے ایک سوچی سمجھی حکمت عملی سے تعبیر کیا گیا۔ مزید برآں اسے ایس سی او کو جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) جیسی تنظیم میں تبدیل کرنے کی کوشش کے طور پر سمجھا گیا۔
سارک کے قیام کا بنیادی مقصد جنوبی ایشیائی خطے میں اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو بڑھانا تھا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ فورم کو دو طرفہ تنازعات کو زیرِ بحث لانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ تاہم یہ پرامید توقعات اس وقت چکناچور ہو گئیں جب سارک کے ارکان نے اس اقدام کی ناکامی کا ذمہ دار بھارت اور پاکستان کو ٹھہرایا۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں ہندوستان اور پاکستان کی شمولیت کے بعد امید کا ایک احساس پیدا ہوا کہ دونوں ممالک بالآخر تعلقات کو معمول پر لائیں گے اور اس طرح باہمی انحصار کو فروغ ملے گا۔ سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی میں تعاون کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی صلاحیت کو پاک بھارت تعلقات پر مثبت اثر ڈالنے کے ایک موقع کے طور پر دیکھا گیا۔ بدقسمتی سے دونوں ممالک نے اب تک وسطی ایشیائی ریاستوں، روس اور چین کو مایوس کیا ہے۔
بھارت پر شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام ہے۔ پچھلا ورچوئل فورم، جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سرحد پار دہشت گردی اور گلگت بلتستان کے علاقے سے گزرنے والے سی پیک رُوٹ کے متعلق اپنے الزامات کو دہرایا اس کی ایک مثال ہے۔ اگرچہ ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے لیکن بھارت پاکستان کے ساتھ بات چیت سے بچنے کے لیے اس بیانیے کو بہانے کے طور پر استعمال کرتا رہتا ہے۔ تاہم اس مقصد کے لیے علاقائی فورمز کا فائدہ اٹھانا اس علاقائی تنظیم کے لیے سود مند نہیں ہے اور یہ بھارت کے حق میں نہیں ہوگا۔
علاقائی فورمز کی ناکامی ریاستوں کو تعاون کے لیے دو طرفہ اور کثیر الجہتی مصروفیات کی طرف دھکیلتی ہے۔ چین نے ایسے کئی اقدامات شروع کیے ہیں جن میں ایران، پاکستان اور افغانستان کے ساتھ سہ فریقی اقدامات اور ایک چار فریقی اقدام جس کا ازبکستان بھی حصہ ہے، شامل ہیں۔ یہ اقدامات شنگھائی تعاون تنظیم کے متعدد مقاصد سے ہم آہنگ ہیں۔ ہندوستان علاقائی فورمز کے متبادل بھی تلاش کر رہا ہے جیسا کہ Bimstec (Bay of Bengal Initiative for Multi-Sectoral Technical and Economic Cooperation)۔ تاہم متبادل یا متوازی پلیٹ فارم خلفشار کا باعث بنتے ہیں اور سفارتی قوت کو ضائع کرتے ہیں۔
متفقہ سیاست کے ’ASEAN way‘ کے انداز میں علاقائی فورمز نتائج پیدا کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ یہ فورمز اب بھی سیکورٹی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں وسیع تر تعاون کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جہاں تک شنگھائی تعاون تنظیم کا تعلق ہے تو اس کے رکن ممالک کی توقعات کے مطابق ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے ملک کی بنیادی ضروریات کو نظرانداز کرتے ہوئے واضح طور پر تشخص بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ یہ نامناسب ترجیح اس وقت واضح ہوئی جب سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی سفارت کاروں کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ مبینہ سلوک پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اس مقصد کے لیے SCO نے رکن ممالک کے درمیان اعتماد پیدا کرنے کے لیے ایک عوامی سفارت کاری چینل قائم کیا جس کا صدر دفتر تاشقند میں ہے۔ مرکز کا مینڈیٹ رکن ممالک کے درمیان ثقافتی اور انسانی تعلقات کو وسعت دینے، وفود کے باہمی دوروں کوسہولت دینے اور سول سوسائٹی کے اداروں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔ تاہم بھارت اور پاکستان اس فورم کے سب سے کم فعال رکن ہیں۔
بھارت اور پاکستان کے معاملات مختلف ہیں۔ بھارت کے پاکستان کے ساتھ بات چیت کو بڑھانے سے بچنے کے لیے ایس سی او کی سطح پر عوامی سفارت کاری میں شامل نہ ہونے کے سیاسی مقاصد ہو سکتے ہیں۔ لیکن بھارت نے پہلے ہی وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ کثیر الجہتی اقتصادی، دفاعی اور تزویراتی تعلقات استوار کر لیے ہیں اور وسطی ایشیا کے تعلیمی اداروں، تھنک ٹینکس اور میڈیا میں نمایاں رسائی حاصل کی ہے۔ بالی ووڈ نے بھی ہندوستان کے مثبت تشخص کو بڑھانے میں مدد کی ہے۔
پاکستان کا معاملہ مختلف ہےکیونکہ وہ اب بھی افغان طالبان کی حمایت کرنے والی ریاست کا پہچان رکھتا ہے۔ اس تصویر کو درست کرنے اور مواقع سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ دفتر خارجہ کا بیوروکریٹک ڈھانچہ، سیاسی اثرات اور سیکیورٹی اداروں کی مختلف ترجیحات پاکستان کے کیس کو پیچیدہ بناتی ہیں۔
یہ دلچسپ بات ہے کہ دفتر خارجہ بھی دیگر وزارتوں کی طرح اپنے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھنے میں اچھا ہے۔ مثال کے طور پروزارت خارجہ کے پاس مختلف اداروں کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک وقف عوامی سفارت کاری ڈویژن ہے۔ اس کے باوجود ان کوششوں کے نتائج صرف کاغذی کارروائیوں تک محدود اور کسی ٹھوس نتائج کے بغیر ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے ملک کی بنیادی ضروریات کو نظرانداز کرتے ہوئے واضح طور پر تشخص بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ یہ نامناسب ترجیح اس وقت واضح ہوئی جب سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی سفارت کاروں کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ مبینہ سلوک پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ تنقید کو خود بینی کے موقع کے طور پر استعمال کرنے کے بجائےسفارتی برادری نے اسے ایک اچھے تشخص پر سمجھوتے کے طور پر دیکھتے ہوئےاس رائے کی مزاحمت کی۔
جب ہم اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں پاکستانی غیر ملکی مشنوں کی کارکردگی پر غور کرتے ہیں تو یہ اختلاف اور بھی واضح ہوتا ہے۔ ایک عام خیال یہ ہے کہ یہ مشن ان علاقوں میں اپنے متوقع کردار سے کم ہیں۔ پاکستانی سفارت خانے بنیادی طور پر پروٹوکول سے متعلق کاموں پر توجہ دیتے ہیں مگر میزبان ممالک کی تعلیمی، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں میں ان کے کردار کو نظر انداز کرتے ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیوں میں پاکستانی سفارت کاروں کی واضح غیر موجودگی کا نتیجہ نہ صرف ثقافتی تبادلوں اور علمی مکالموں کو تقویت دینے کے مواقع سے محروم ہو جاتا ہے بلکہ تنہائی کے تاثر میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
پاکستانی سفارت کاروں نے سفارت خانوں میں مقامی یا دورہ کرنے والے پاکستانی سکالرز سے رابطہ کرنے میں واضح عدم دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس کے برعکس ریاستی عہدیداروں اور سیاستدانوں کو پروٹوکول فراہم کرنے میں ان کی مہارت قابل ذکر ہے۔ یہ انتخابی نقطہ نظر ان کے فرائض میں گہرے عدم توازن کی نشاندہی کرتا ہے جو کہ اہم کاموں پر رسمی طریقہ کار کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستانی سفارت کاروں نے پیشہ ورانہ نمائش کے فن میں مہارت حاصل کی ہے۔ ان سے ایک فوری مطالبہ ہے کہ وہ پروٹوکول کے چھوٹے حدود سے آگے بڑھتے ہوئے مزید جامع اور ٹھوس نقطہ نظر کو اپنائے۔
ایک دلچسپ پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ اپنی تمام تر سیاسی اور تزویراتی ترجیحات کے باوجود ازبکستان نے پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے مقصد سے ایک یونیورسٹی میں اردو زبان کے لیے شعبہ قائم کیا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ڈیپارٹمنٹ کے زیادہ تر فیکلٹی ممبران نے کبھی پاکستان کا سفر نہیں کیا، پھر بھی وہ اکثر بھارت کا دورہ کرتے ہیں۔ اگر پوچھ گچھ کی جائے تو متعلقہ اتھارٹی پاکستان کی چند سرکاری یونیورسٹیوں میں وسطی ایشیائی مطالعاتی مراکز کی طرف اشارہ کر سکتی ہے، لیکن ان کی اصل شراکت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ دفتر خارجہ وسائل کی رکاوٹوں کے بارے میں شکایت کرتا ہے اسے پیشہ ورانہ اخلاقیات اور اپنے تفویض کردہ کام کی لگن کے بارے میں بھی تسلی بخش وضاحت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم اب بھی ایک موقع فراہم کرتا ہے مگر یہ اس بات پر منحصر ہے کہ پاکستان اس فورم کے ساتھ اپنے آپ کو کس حد تک مؤثر طریقے سے منسلک کرتا ہے۔
فیس بک پر تبصرے