ورلڈ الیون کی پاکستان آمد، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششیں
ورلڈ الیون کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے اور اس ٹیم کے کپتان فاف ڈپلوسیسی نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ کرکٹ کے عالمی کھلاڑیوں کی یہاں آمد کا مقصد پاکستان میں ’انٹرنیشنل کرکٹ‘ کی واپسی ہے۔
ورلڈ الیون کی ٹیم پاکستان میں ’’آزادی سیریز‘‘ کے سلسلے میں تین ٹی 20 میچ کھیلے گی۔
ان میچوں کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ حالیہ برسوں میں ملک میں ’انٹرنیشنل کرکٹ‘ کی بحالی کے لیے کوشش کرتا آیا ہے کیوں کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں پاکستان میں آ کر کھیلنے سے گریز کرتی رہی ہیں۔
2009 کے بعد زمبابوے وہ واحد کرکٹ ٹیم تھی جس نے 2015 میں پاکستان آ کر کچھ میچ کھیلے۔
ایسے حالات میں جب بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں اور کھلاڑی سلامتی کے خدشات کے سبب پاکستان آنے سے گزیز کرتے رہے، پاکستان اپنی دوطرفہ کرکٹ سیریز کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرتا رہا ہے۔
لیکن پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل رواں سال لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کروایا گیا، جس میں کئی بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔
فیس بک پر تبصرے