سوشل میڈیا کے ذریعے نوجونوان کو ’ورغلایا جا رہا ہے‘
پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال کراچی کے دورے پر ہیں جہاں اُنھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل کے تحت گزشتہ چار سالوں کے دوران اُن کے بقول ملک سے نفرت اور دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے کیے گئے۔
تاہم اُنھوں نے تسلیم کیا کہ اب پاکستان کو نئے چیلنجوں کا سامنا ہے اور دہشت گرد سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ورغلا رہے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو انتہا پسندی کی جانب مائل کرنے میں مصروف چند نیٹ ورکس پکڑے گئے ہیں جنہوں نے اس بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔
تاہم وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو شدت پسندوں سے دور رکھنا تنہا کسی ایک محکمے یا شعبے کے بس کی بات نہیں۔
’’اب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر پہرہ دینا ہو گا کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف جو کامیابیاں ملی ہیں وہ زائل نہ ہو جائیں۔‘‘
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 21 ستمبر کو دنیا بھر میں امن کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور اس مناسبت اُنھوں نے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے منتظم ادارے ہائیرایجوکیشن کمیش، یونیورسٹیوں کے سربراہان اور دیگر تعلیمی اداروں سے کہا ہے کہ اس دن کو وسیع پیمانے پر منایا جائے تا کہ آئندہ نسل کو امن کی اہمیت اور دہشت گردی جیسے خطرات کا ادراک ہوسکے۔
وزیر داخلہ نے تعلمیی اداروں کے سربراہان سے کہا کہ وہ اس بات پر کڑی نظر رکھیں کہ کوئی دہشت گردی یا دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ افراد انتشار تو نہیں پھیلا رہے۔
فیس بک پر تبصرے