1970سے 2013تک کے انتخابات کا مختصر جائزہ لیتے ہیں، کہ کون سا الیکشن عیسوی اور ہجری مہینوں کے اعتبار سے کس دن ہوا ۔ یہاں یہ بات قابل غور ہےکہ 1947سے لیکر 1956 تک سیاسی رہنماؤں اور اداروں نے الیکشن کمیشن بنانے کی ضرورت محسوس ہی نہیں کی ۔یوں 9سال بعد یعنی 23مارچ1956کوالیکشن کمیشن آف پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔سب سے پہلے جنرل الیکشن7دسمبر1970بروز پیر 8شوال 1390ھ میں سخت سردی کے موسم میں ہوئے۔ دوسرے انتخابات 7مارچ1977بروزپیر 17ربیع الاول1397ھ میں ہوئے ،ان دنوں موسم میں خنکی کا عنصر شامل تھا۔ تیسرے انتخابات بھی پیرکے دن 25فروری1985، 5 جمادی الثانی1405ھ میں ہوئے ، اس بار بھی موسم سرد تھا۔ چوتھے انتخابات 16نومبر1988 بروزبدھ،6ربیع الثانی 1409ھ کوسردی کے موسم میں ہوئے۔ پانچویں انتخابات 24اکتوبر1990بروز بدھ،5ربیع الثانی1411ھ میں ہوئے اورموسم سرد تھا ۔ چھٹے انتخابات 6 اکتوبر بروزبدھ ،20ربیع الثانی1414ھ میں ہوئے، اس دن بھی موسم میں خنکی تھی۔ ساتویں عام انتخابات 3فروری 1997 بروزپیر25رمضان 1417ھ کے سرد موسم میں ہوئے ۔30اپریل 2002کو صدرپرویز مشرف نے ریفرنڈم جیتا اورآٹھویں انتخابات10اکتوبر 2002بروزجمعرات،3شعبان1423ھ کی سردی میں ہوئے ۔ نویں انتخابات18فروری 2008بروز پیر، 11صفر1429ھ کے سردموسم میں ہوئے ،یہ پہلی حکومت تھی ، جس نے پانچ سال پورے کیے ۔ دسویں انتخابات11 مئی 2013 بروز ہفتہ ،یکم رجب1434ھ کی سخت گرمی کے موسم میں ہوئے۔ اس حکومت نے آئینی مدت تو مکمل کر لی، لیکن یہ دورِ اپوزیشن کی جانب سے شدید مخالفت، دھرنوں، حکومت مخالف تحریکوں سے منسلک رہا۔ وزیراعظم نواز شریف کو تا حیات نااہلی اور متعدد عدالتی مقدمات کا سامنا کرپڑرہا ہے۔اللہ کرے 25جولائی 2018، 12ذیعقد 1439ھ بروز بدھ کو ہونے والے بخیر وخوبی انجام پذیر ہوں۔
جب جہالت کی بنیاد پر کچھ لوگوں نے بدھ کو منحوس کہنا شروع کیا تواس وقت امام اعظم امام ابو حنیفہ نے فرمایا تھاکہ اگر مجھے زندگی کا آخری دن کام کے لیے ملے تو بدھ کے دن سے نئے کام کا آغاز کروں گا۔ یاد رہے چوتھے،پانچویں اورچھٹے الیکشن کے بعد یہ گیارواں الیکشن بھی بدھ کے دن ہونے جارہا ہے ۔ پاکستان میں امام ابوحنیفہ کے پیروکاروں کی تعداد اکثریت میں ہے۔ اللہ کرے 25 جولائی بروز بدھ کو ہونے والے انتخابات پاکستان کے خیروبرکت اور امن وسلامتی کے ضامن ثابت ہوں۔ 25جولائی کوملک بھر میں ،خاص طور پر بلوچستان کے پہاڑی علاقوں اورسندھ کے بعض میدانی علاقوں میں شدید گرمی ہوگی اور ان دنوں میں برسات کا موسم بھی شروع ہو چکا ہوگا۔دوسرا ان دنوں میں چاروں صوبوں کے ہزاروں خواتین ومرد فریضہ حج کی سعاد ت حاصل کرنے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی پاک زمین پر موجود ہوں گے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے ہزاروں افراد کے ووٹ کا ابھی تک کوئی انتظام نہیں کیا۔ ایسا کوئی انتظام کرنا ضروری ہے تاکہ پاکستانی حجاج اپنے حق ووٹ کو ضائع ہونے سے بچا سکیں۔
فیس بک پر تبصرے